فری لانسنگ ایک آن لائن کاروباری ذریعہ ہے جس سے آپ معاشی طور پر استفادہ حاصل کر سکتے ہیں نہ صرف یہ بلکہ اس سے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور نکھارنے کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔

 

جیسے گوگل ایک سرچ انجن ہے اور دوسرے کء مختلف سرچ انجنز پائے جاتے ہیں لیکن اپنی شہرت کی وجہ سے زبان زد عام صرف گوگل ہے۔ اسی طرح   فری لانسنگ کی کئی ویب سائٹس ہیں۔اس کی مختلف ویب سائٹس میں فائیور، اپ ورک،گرو اور  فری لانسر شامل ہیں۔
اس کا طریقہ کار نہایت سادہ ہے بالکل ایسے جیسے ایک عام بزنس مین اور اس کے کسٹمرز کا ہوتا ہے۔بزنس مین کو یہاں فری لانسر کہا جاتا ہے۔ فری لانسر اپنی صلاحیتوں پر  مشتمل ایک  پروفائل بناتا ہے  اور اپنی صلاحیتوں کا اشتہار لگاتا ہے۔کسٹمر اس کی پروفائل وزٹ کرتا ہے اور اپنے کام کے لیے  موزوں انسان تلاش کرتا ہے، پھر اسے اپنے کام کی تفصیلات، قیمت اور نوعیت کے ساتھ آرڈر بھیجتا ہے۔اگر فری لانسر کو کلائنٹ کا کام دلچسپ لگتا ہے اور اس کو   پورا کرنے کی اس میں صلاحیت ہے تو وہ اپنی قیمت کے ساتھ  اسے عرض خریدار (بائر ریکویسٹ) بھیجتا ہے۔ ایک نہایت اہم بات کلائنٹ  یہاں صرف ایک فری لانسر کو آرڈر بھیجنے کا پابند نہیں ہے بلکہ ایک وقت میں کئی فری لانسر کو آرڈر بھیج سکتا ہے۔پھر فری لانسر کے کام اور قیمت کو دیکھتے ہوئے اپنا آرڈر موزوں  فری لانسر کو دیتا ہے۔ کام،قیمت اور اس کے دنوں کا بھی پوچھا اور بتایا جاتا ہے کہ کلائنٹ کو کتنے دنوں میں کام چاہیے اور  فری لانسر کتنے دن میں یہ کام کر سکتا ہے۔اس کے لیے فری لانسر کو ہر وقت آن لائن رہنا پڑتا ہے۔یہ کام کسی بھی ڈیوائس کمپیوٹر لیپ ٹاپ یا موبائل فون پر  کیا جاسکتا ہے۔ 
عام طور پر کام کرنے کیلئے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کو ترجیح  دی جاتی ہے۔لیکن ظاہر ہے ہر وقت آن لائن رہنا ایسے ڈیوائسز پر ایک مشکل امر ہے اس لیے موبائل فون پر بھی اکاؤنٹ بنایا جاتا ہے تاکہ  ہر وقت آن لائن رہا جاسکے اور اپڈیٹس حاصل کی جا سکیں۔  اس کاروبار کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہاں کوئی بھی آپ کا سربراہ نہیں ہوتا آپ اپنے کام کے  خود سربراہ ہوتے ہیں، خود ہی ورکر ہوتے ہیں، آپ کسی کے غلام نہیں ہوتے سب اپنے کمفرٹ زون  میں رہتے ہوئے کام کر سکتے ہیں۔بیروزگاری کو کسی حد تک کنٹرول کرنے کے لیے حکومت پاکستان نے ای-روزگار کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے جسے الیکٹرانک روزگار بھی کہا جاتا ہے، جیسا کہ ہمارا ملک  اس وقت ایسی صورتحال  سے دوچار ہے جہاں ہر طرف بے روزگاری ہے ہر دوسرا شخص گریجوایشن اور ماسٹر کے ساتھ بیروزگاری کی ڈگری بھی ساتھ لئے گھومتا ہے ،نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس ہیں ۔حکومت پاکستان نے اس سے نمٹنے کے لیے فری لانسنگ کا سہارا لیا ہے جس میں کسی کی عزت نفس مجروح نہیں ہوتی خاص طور پر یہ طلبہ کے لیے کافی سود مند ہے کیونکہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو باہر کام کرنے کی عام طور  پر اجازت نہیں دی جاتی  اور باہر کا ماحول بھی  ان کے لیے سازگار نہیں ۔اکثر طلبہ کو پڑھا لکھا کر گھر بٹھا دیا  جاتا ہے جس سے ان کی تعلیم اور صلاحیتیں چار دیواری میں زنگ آ لود ہو جاتی ہیں اور بیشتر طلبہ  قوم اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار کردار ادا کرنے سے قاصر رہتی ہیں ۔اس پروگرام میں فری لانسنگ کی جو سکلز سکھائی جاتی ہیں ان میں  گرافک ڈیزائننگ ، آ رٹیکل لکھنا ،مارکیٹنگ کرنا اور دوسرے کئی چھوٹے بڑے سکلز سکھائی جاتی ہیں جن سے نہ صرف   کمایا جاسکتا ہے بلکہ روزمرہ زندگی میں بھی استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔اس پروگرام کا دورانیہ تین ماہ پر محیط ہے۔ یہ تین ماہ کوئی ایک سکل سیکھنے اور اس میں مہارت حاصل کرنے کے لیے کافی ہوتے ہیں۔ 
اس پروگرام میں صرف فیس ایک سکل سیکھانے پر زور نہیں دیا جاتا  بلکہ بہت ساری سکل سکھائی جاتی ہیں تاکہ ہر ٹرینی اپنی  شخصی دلچسپی اور ذہنی معیار کے مطابق کوئی سکل سیکھ سکے اور اس میں مہارت حاصل کر سکے ۔ای- روزگار کا ایک سیشن مکمل ہوچکا ہے اور دوسرا کامیابی کی راہ پر گامزن ہے۔جب تک سیشن مکمل ہوتا ہے طلباء  اپنے کام میں مہارت حاصل کر چکے ہوتے ہیں اور  اس قابل ہوتے ہیں کہ اچھی سروسز  دے کر اپنا نام بنا سکیں اور کما سکیں ۔ حکومت پاکستان نے اس کام کو سکھانے کے لیے نہایت تجربہ کار اور ماہر انسٹرکٹر رکھے ہیں جو  نہ صرف سمجھاتے اور پڑھاتے ہیں بلکہ سیشن کے بعد بھی ٹرینی کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ اس پروگرام کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ جو ٹرینی کامیابی حاصل کرتے ہیں ان کی داستان کامیابی سب کے ساتھ شیئر کی جاتی ہے جس سے  نہ صرف ٹرینر  کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ دوسرے ٹرینی کی بھی حوصلہ افزائی ہوتی ہے کہ جو کام وہ کر رہے ہیں اس سے دوسرے  فائدہ حاصل  کر رہے ہیں۔ اس طرح وہ  اپنے لئے صحیح سمجھ کا تعین کرسکتے ہیں۔ امید رکھتے ہیں کہ ایسے ہی آگے بھی یہ پروگرام کامیابی سے جاری رہے اور اس کے سیشنز بھی جاری ہیں تاکہ بیروزگاری سے نکلنے کی کوئی تو سبیل ہو۔