پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ قابل مذمت اور دکھ دائق ہے ۔موجودہ اطلاعات کے مطابق سٹاک ایکسچینج حملے میں ایک پولیس سب انسپکٹر سمیت 4 سیکیورٹی گارڈ اور ایک عام شہری شہید ہوئے ہیں۔
جوابی کاروائی میں چار دہشت گرد جہنم واصل ہوے ہیں ،جن کی تحویل سے بھاری مقدار میں ہینڈ گرنیڈ،کلاشنکوف اور پستول برآمد ہوئے ہیں جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ یہ دہشت گرد کسی بڑی کارروائی کی تاک میں تھے۔لیکن عمارت کی سکیورٹی سٹاف،پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے اپنی جانوں پر کھیل کر انہیں مزید کسی نقصان سے پہلے فرشتہ اجل بن کر جہنم واصل کر دیا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ پاکستان کی سلامتی اور معاشیت پر حملے کے مترادف ہے ۔حملے میں جانوں کا زیاں نہایت دکھ کی بات ہے ۔ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، یہ بات قابل غور ہےکہ جب سے مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد میں تازہ لہر آئی ہے، بلوچستان اور سندھ میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور جس وقت سے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، اس وقت سے سندھ میں حملوں میں شدت آئی ہے ۔چند دن پہلے بھی ایک ہی دن میں سندھ رینجرزجر پر مختلف علاقوں میں تین حملے ہوئے لیکن موجودہ حملے کے نتائج بہت دور تک جائیں گے ۔اس وقت دنیا بھر میں پاکستان کی ایک سافٹ امیج موجود تھی، ملک میں بہتری کے آثار تھے امن و امان کی صورت حال بہتر تھی تو ایک بار پھر حملوں کا دور شروع ہوگیا۔ سندھ میں گزشتہ دنوں ہونے والے حملوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے موجود ہونے کے مکمل شواہد مل گئے تھے اور یہ حملہ بھی اسی کڑی کے تانے بانے سے جڑا ہو سکتا ہے، کیونکہ پڑوسی ملک کی آنکھوں میں ہمارا امن کٹھک رہا ہے ۔موجودہ حملے سے دنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ کو شدید نقصان ہوا ہے یہ ایک ایسا زخم ہے جس کو بھرنے میں بہت وقت لگے گا۔ دوسری طرف اسٹاک ایکسچینج بند ہونے سے اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔یہ ایک الگ بات ہے کہ مارکیٹ دوبارہ کھلنے پر مندی کے رجحان میں اضافہ ہوگا جس سے ہمارا سرمایہ دار خوفزدہ ہوگیا ہے کہ نہیں معلوم اس ملک میں کل کیا ہو جائے ۔اب دنیا بھر کے سرمایہ دار ہماری اسٹاک ایکسچینج کا رخ نہ کریں گے۔ اس کے علاوہ عوام میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ اگر ایسی حساس عمارت پر حملہ ممکن ہے تو کہیں بھی حملہ ہو سکتا ہے ۔ یہ حملہ ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے، نہایت دکھ کی گھڑی ہے، ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، پاکستان اندرونی اور بیرونی دشمنوں کی یلغار کا شکار ہے۔
ہم ایک بار پھر پرامید ہو کر خداوند تعالیٰ سے دعاگو ہیں اور سب کو دعا کرنی چاہیے کہ یہ پاکستان ارض خداداد پر شرپسندوں کی آخری مزموم کاروائی ہو ۔
1 تبصرے
Right .
جواب دیںحذف کریں